سماعت سے محروم افراد کے ادارہ کی ڈائریکٹر جنرل اور طلبا کی امریکی سفارتخانے کے پریس آفیسر نولین جانسن سے ملاقات

منگل 22 نومبر 2016 20:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) سماعت سے محروم افراد کے لیے قومی ادارہ برائے خصوصی تعلیم کی ڈائریکٹر جنرل عشرت مسعود اور طلبا نے منگل کو یہاں امریکی سفارتخانے کے پریس آفیسر نولین جانسن سے ملاقات کی۔ امریکی سفارتکار نے اپنے خطاب میں طالبعلموں سے کہا کہ انہیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ اٴْن کی غیرمعمولی صلاحیتیں ان کی محرومیوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں۔

نولین جانسن نے طلباء سے بصارت اور سماعت سے محروم امریکی مدرس، مصنفہ اور سماجی حقوق کی علمبردار خاتون ہیلن کیلر کی قابل تقلید زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ ہیلن کیلر نے 1920میں امریکی شہری آزادیوں کی تنظیم کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اٴْنہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے آزادی سے نوازاگیا۔

(جاری ہے)

طلباء نے پاکستان کی فارن سروس میں بصارت سے محروم پہلی خاتون صائمہ سلیم سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی۔

تقریب میں قومی ادارہ برائے اسپیشل ایجوکیشن کی ڈائریکٹر جنرل عشرت مسعود نے کہا کہ ہیلن کیلر کی زندگی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم ظاہری رکاوٹوں کے باوجود اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ہمت اور جوش و جذبہ سے سرگرم ِعمل رہیں۔امریکی سفارتخانہ خصوصی افراد کے حقوق کی حفاظت اور آگاہی کے لیے مختلف سرگرمیوں کی اعانت کر رہا ہے جن میں ہیلن کیلر سینٹر کی اعانت اور حال ہی مکمل ہونیوالے پونے چار لاکھ ڈالر مالیت کے اسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (اسٹیپ) شامل ہیں جس کے تحت معذور خواتین کی مددکی جاتی ہے۔ امریکی سفارتخانہ اور موبیلٹی انٹر نیشنل معذوری کے شکار پاکستانی لوگوں کو با اختیار بنانے کے لیے ایک نئے پروگرام پر بھی کام شروع کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :