لاہور میں آٹھویںانٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول2016ء کا آغاز ،ْچلڈرن فلم فیسٹیول کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا،رانا مشہود

منگل 22 نومبر 2016 20:03

لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ چلڈرن فلم فیسٹیول کے انعقاد کا مقصدپاکستان میں بچوں میں معلوماتی فلمیں دیکھنے کے رجحان اوربچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے، چلڈرن فلم فیسٹیول جیسی مثبت سرگرمیوں کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، مقامی ہوٹل میں آٹھویںانٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ چلڈرن فلم فیسٹیول بچوں کو آرٹ کے اس اہم ترین میڈیم کے ذریعے تعمیری سرگرمیوںاور مثبت رجحانات کی جانب راغب کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔

لاہور میں آٹھواں چلڈرن فلم فیسٹیول سماجی تنظیم ’’دی لٹل آرٹ‘‘ کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے جس کے تحت الحمرا آرٹس کونسل سمیت شہر کے مختلف سینما گھروں میں بچوں کیلئے مختلف موضوعات پر فلمیں دیکھائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

رواں برس انٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول میں 26ممالک کی 80فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔چلڈرن فلم فیسٹیول میں پاکستان،بنگلہ دیش،ایران،سری لنکا، امریکا،کینیڈا،ناروے،جرمنی اوردیگرملکوں کی فلمیں نمائش کیلئے پیش کی جارہی ہیں۔

26نومبرتک جاری رہنے والے لاہور انٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول2016ء میں تعلیم،ثقافت،برداشت، دہشت گردی اوردنیاکی ثقافت سے آگاہی سمیت مختلف موضوعات پر بچوں کو شاٹ فلمز دیکھائی جائیں گی۔تقریب میںڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری،چئیرمین الحمرا آرٹس کونسل پیر سعد احسان الدین،نیشنل ڈویلپمنٹ آفیسر ایمبسی آف ڈنمارک مس جویریہ اور لٹل آرٹ کے ڈائریکٹر شعیب اقبال سمیت سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔