ہمارے معاشرے میں انتہاء پسند بھی ہیں ، آنکھیں بند کر کے کسی کی پیروی نہیں کرنی چاہیے ‘ کور کمانڈر لاہور

زندگی میں محنت کرنے والے زیادہ کامیات ہوتے ہیں ،کامیابی کیلئے شارٹ کٹ نہیں ہونا چاہیے ‘ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کا طلبہ کوہائی اچیورز ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب

منگل 22 نومبر 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2016ء)کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں انتہا پسند بھی ہیں اس لئے آنکھیں بند کر کے کسی کی پیروی نہیں کرنی چاہیے ،تعلیم کے ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے ، طلبہ اپنے وقت کو مکمل نصب العین کے ساتھ گزاریں ، زندگی میں کامیابی کیلئے شارٹ کٹ نہیں ہونا چاہیے ،والدین بچوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مضامین اور فیلڈ انتخاب کرنے کی اجازت دیں تاکہ وہ دنیا کے کسی میدان میں بھی پر اعتمادطریقے کے ساتھ کامیابی حاصل کریں۔

وہ منگل کو لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کینٹ کیمپس کے آڈیٹوریم میں لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے تحت تعلیمی میدان میں اپنا لوہا منوانے والے طلباو طالبات میں ہائی اچیورز ایوارڈز دینے کی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈلز، سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر جی او سی 10 ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان ، جی او سی 11ڈویژن میجر جنرل فدا حسین ملک ، ایل جی ای ایس کے اساتذہ ، طلبا وطالبات اور ان کے والدین موجود تھے ۔ تقریب کے آغاز پرلاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے طلبا نے ملی نغمے پیش کیے۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت بہت ضروری ہے ۔ والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچے ہر وقت پڑھتے رہیں ۔

آج کل ہمارے معاشرے کا ٹرینڈ بن گیا ہے کہ بچے نے صرف ڈاکٹرز اور انجینئرز ہی بننا ہے اور میرے خیال میں یہ والدین پر معاشرے کا دبائو ہوتا ہے ۔میں والدین سے کہنا چاہوں گا کہ وہ بچوں کو ان کی دلچسپی کے مطابق مضامین کے انتخاب کا موقع دیں اس طرح وہ اپنی پسند کے شعبے میں زیادہ کامیابیاں سمیٹیں گے۔ ہمارے معاشرے میں بہت سے شعبے اور مواقع ہیں جہاں بچے زیادہ نام پیدا کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ انسان کی کردار سازی کیلئے مطالعہ بہت ضروری ہے۔طلباء و طالبات کو چاہیے کہ وہ روز ایک اچھا آرٹیکل پڑھیں ، اسی طرح اچھی کتابیں پڑھیں،قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور نیلسن منڈیلا کی زندگی کو پڑھیں اور سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات اس بات کو مد نظر رکھیں کہ ان کا ایک ایک منٹ قیمتی ہے وہ اسے ضائع کرنے کی بجائے اس کا درست استعمال کریں۔

اگر ٹیلی وژن بھی دیکھیں تو بطور ناظرین اس کے آگے نہ بیٹھیں بلکہ سیکھیں پھر اس کا تجزیہ بھی کریں ۔ ہمارے معاشرے میں انتہا پسند بھی ہیں ہمیں آنکھیں بند کر کے کسی کی پیروی نہیں کرنی چاہیے ۔ ہمیں بات سننی چاہیے لیکن پھر اپنے دماغ کا استعمال کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں محنت کرنے والے زیادہ کامیات ہوتے ہیں ۔ زندگی میںکامیابی کے لئے شارٹ کٹ نہیں ہونا چاہیے