وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی جمعہ کو دفاعی سازوسامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2016ء کا دورہ کریں گے

وزارت صنعت و پیداوار کی ذیلی کمیٹی پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے سٹال کا معائنہ بھی کریں گے

منگل 22 نومبر 2016 15:16

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی جمعہ کو دفاعی سازوسامان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی جمعہ کو دفاعی سازوسامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2016ء کا دورہ کریں گے۔ وہ وزارت صنعت و پیداوار کی ذیلی کمیٹی پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے سٹال کا معائنہ بھی کریں گے۔ مذکورہ فیکٹری پاکستان میں اعلیٰ قسم کے پرزہ جات اور آلات سمیت دفاعی سازوسامان بنانے اور ملک کو دفاعی اعتبار سے خودکفیل بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پاکستان ٹول فیکٹری ہلکے آرٹلری ہتھیاروں کے علاوہ راکٹ لانچرز کی نمائش بھی کر رہی ہے۔ مذکورہ ادارہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ یہ ہتھیار دوست ممالک کو برآمد کرتا ہے۔ ان ہتھیاروں کے خریداروں میں سری لنکا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ممالک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کے عالمی دفاعی نمائش کے دورہ کا مقصد پاکستانی دفاعی آلات سازوں کے علاوہ وزارت ہذا کے ذیلی اداروں کی حوصلہ افزائی ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی کی ذاتی دلچسپی اور رہنمائی سے پاکستان مشین ٹول فیکٹری ایک منافع بخش ادارے میں بدل چکا ہے۔ کئی ممالک کے عسکری ادارے اس فیکٹری کو اربوں روپے کے آرڈر دے چکے ہیں جبکہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سری لنکا میں تامل باغیوں کو شکست دینے میں پاکستان ٹول فیکٹری کے ہتھیاروں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔