فیصل آباد ڈویژن سمیت اکثر اضلاع میں مکئی کی کاشت کے رقبہ میں اضافہ ہو گیا

منگل 22 نومبر 2016 13:11

ْ فیصل آباد۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء)فیصل آباد ڈویژن سمیت اکثر اضلاع میں مکئی کی کاشت کے رقبہ میں اضافہ ہو گیا ہے اور چونکہ مکئی کا شمار ملک کی اہم اور نقد آور فصلات میں کیا جاتا ہے لہٰذا موجودہ حالات میں اس کی ضرورت میں اضافہ کے باعث جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کی فی ایکڑ پیداوار بھی تسلسل سے بڑھتی جار ہی ہے۔

پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے بتا یا کہ نقد آور فصل ہو نے کی وجہ سے ہر سال مکئی کی کاشت کے رقبے میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث گذشتہ سال اس کی ریکارڈ 60لاکھ ٹن سے بھی زیادہ پیداوار حاصل ہوئی تھی ۔انہوںنے بتا یا کہ تھائی لینڈ مکئی کی انتہائی نقد آور و قیمتی فصل سے مختلف اقسام کی اشیاء تیار کر کے ایکسپورٹ کر رہا ہے اور اس سے بھاری زر مبادلہ بھی کمایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ا نہوںنے بتا یا کہ اس وقت تک مکئی کی 30کے قریب اقسام دریافت کی جا چکی ہیں جن میں سے پیداوار اور علاقائی تقسیم کے حوالے سے 17اقسام زیر کاشت ہیں۔انہوںنے بتا یا کہ ہائبرڈ بیج کے استعمال سے مکئی کی پیداوار 60 من فی ایکڑ تک ہو سکتی ہے جو روائتی بیج کی نسبت کم از کم 10من زیادہ ہے۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ حکومت اس سلسلہ میں کاشتکاروں سے بھر پور تعاون کرے گی تاکہ ملک میں سر سبز انقلاب لانے کے خواب کو عملی شکل دی جا سکے۔