لاڑکانہ میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 21 نومبر 2016 23:18

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں بھی چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ چہلم کے موقع پر ضلع بھر میں 40 مجلسیں برپا کرکے 52 ماتمی جلوس برآمد کئے گئے جبکہ چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ شاہ کربلا سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ شاہ کربلا میں اختتام پذیر ہوا جہاں عزاداروں نے سینہ زنی اور زنجیر زنی کی۔

دوسری جانب چہلم کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے داخلی اور خارجی رستوں پر پولیس اہکاروں کو بھاری تعداد میں تعینات کیا گیا جبکہ ماتمی جلوسوں کے گذرگاہوں پر قائم دوکانوں کو بھی مکمل طور پر بند کیا گیا تھا۔ منتظمین کی جانب سے ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں پر شریک عزاداروں کے لئے بڑی تعداد میں پانی، شربت اور چائے کی سبیلیں لگائی گئیں۔

(جاری ہے)

سیکورٹی کے متعلق ایس ایس پی لاڑکانہ کامران نواز پنجوتہ نے بتایا کہ ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں اور امام بارگاہوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر 1700 پولیس اور 300 رینجرز کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ سی سی ٹی وی کیمرؤں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب سیکورٹی خدشات کے باعث لاڑکانہ ضلع میں موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔