پاکستان اپنے تمام ہمسائیہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے،بھارت مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہئے، مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 23:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسائیہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ علاقائی امن کی بات کی ہے، پیرکو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک ہے اور اس کا بھارت کی نسبت ایک اچھا بنیادی ڈھانچہ ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جو ملک میں اقتصادی انقلاب لائے گا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور اور موثر طریقے سے اجاگر کیاہے، کشمیری اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ان کا یہ حق ضرور ملے گا، سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے اور پیلٹ گنوں کے بے جا استعمال سے لوگوں کو اندھا کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق بھی سر عام پامال کر رہا ہے جس کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی نوٹس لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے مودی حکومت کی غلط پالیسییوں پر انہیں بھارت کے اندر سے بھرپور تنقید کا سامنا ہے جبکہ بھارتی حکومت کا پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعوٰی بھی جھوٹا اور بے بنیاد تھا۔