افسران لوگوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں، ڈی سی او

پیر 21 نومبر 2016 23:12

فیصل آباد ۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ڈی سی او سلمان غنی نے ضلعی محکموں کے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں اس سلسلے میں درخواست گزاروں کو ہرممکن ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے یہ حکم اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے جاری کیا۔

ڈی او(سی)آفتاب احمد اوردیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ شہری حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے اور بنیادی سہولتوں میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے ان کی درخواستوں پر متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کئے اور بعض درخواست گزاروں کا مسئلہ بلاتاخیر حل کیلئے متعلقہ افسران کو ٹیلی فون پر حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے بھیجی جانیوالی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے موقع پر واسا،ٹی ایم ایز،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،محکمہ تعلیم وصحت ‘ شاہرات اورڈی سی او آفس کے متعلقہ شعبہ کے افسران کو سیوریج کی درستگی،تجاوزات کے خاتمے،صفائی ستھرائی کے مسئلے کے حل،سکولوں وبنیادی مراکز صحت کے بہتر انتظامات اورسٹاف کی حاضریاں چیک کرنے کا حکم دیااورشہر کی بعض شاہرات پرتیزرفتاری کو روکنے کے لئے سپیڈ بریکرز بنانے سے متعلق سروے کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈی سی او نے ارکان اسمبلی میاں رجب علی خاں بلوچ،میاں محمدفاروق،حاجی خالد سعید،چوہدری فقیر حسین ڈوگر اوررائو کاشف رحیم کے علاوہ بعض یونین وسٹی کونسلز کے چیئرمین صاحبان سے بھی ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کے بارے میں متعلقہ محکموں کو خصوصی احکامات جاری کئے۔