چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر حفاظتی امور کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی

پیر 21 نومبر 2016 23:12

فیصل آباد ۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر حفاظتی امور کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی اس سلسلے میں ڈی سی او سلمان غنی نے ڈی سی او آفس میں قائم ضلعی کنٹرول روم کاوقفے وقفے سے دورہ کیااورجلوسوں ومجالس کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ڈی او(سی)/فوکل پرسن میاں آفتاب احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی سی او نے کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں سے چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوسوں ومجالس کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار اور جلوسوں کے روٹس کے نقشوں کاباریکی سے معائنہ کیااورکہا کہ مشکوک افراد پر نظررکھنے کے سلسلے میں یہ ڈیوٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے لہذا اس کے لئے پوری ذمہ داری کامظاہرہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنٹرول روم میں موجود مختلف محکموں کے سٹاف کو چوکس انداز میں ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جلوسوں ومجالس کے اختتام تک سیکورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کویقینی بنایا جائے اور کسی بھی مسئلہ یا شکایت کی صورت میں فوری رد عمل کامظاہرہ کرتے ہوئے اس کے ازالہ کے لئے محکمانہ اقدامات میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔

ڈی سی او نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں میں مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کے لئے جامع نظام وضع کررہی ہے جس پر عنقریب عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔اس موقع پر ڈی او(سی) نے بتایا کہ ضلعی کنٹرول روم میں 48 سٹیلائٹ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے چہلم کے جلوسوں ومجالس کے مقامات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے جبکہ کنٹرول روم میں ریسکیو 1122، پولیس،سول ڈیفنس،محکمہ صحت،ٹی ایم ایز،سوئی گیس،فیسکو،پی ٹی سی ایل سمیت دیگر متعلقہ محکموں کا سٹاف ڈیوٹی پر موجود ہے۔