سپریم کورٹ نے زرعی بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کے ڈینگی کے شکار ایک طالب علم کو مشروط طور پر امتحان دینے کی کی اجازات دیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کردیئے

پیر 21 نومبر 2016 23:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) سپریم کورٹ نے زرعی بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کے ایک طالب علم کی جانب سے ڈینگی بخار کے باعث امتحان میں بیٹھنے کی اجازت سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت میں ، فاضل عدالت نے اپیل کنندہ کو مشروط طور پر امتحان دینے کی کی اجازات دیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں جبکہ کیس کی سماعت 15دن تک ملتوی کردی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سوموار کے روز طالبعلم حافظ حسنین حجازی کی اپیل کی سماعت کی تو ان کی جانب سے شفقت منیر ملک ایڈوکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل زرعی بارانی یونیورسٹی میں شعبہ حیوانات کا ڈاکٹر بن رہا ہے جس نے پانچ درجے پاس کئے اور چھٹے درجہ کا امتحان دینے کا وقت آیا تو اسے ڈینگی بخار ہو گیا اور اسی حالت میں ہی امتحان میں بیٹھ گیا لیکن مطلوبہ نمبر نہ حاصل کرسکااور یونیوسٹی کی انتظامیہ کی اجازت سے دوبارہ امتحان میں بیٹھ گیا اور کامیاب ہوگیا ،لیکن جب ساتویں امتحان کی باری آئی تو یونیورسٹی انتظامیہ نے چھٹے درجہ کے دیئے گئے امتحان کو بنیاد بناتے ہوئے ساتویں سمسٹر میں ترقی دینے سے انکار کردیا جس پر لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تو فاضل عدالت نے عبوری طور پر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دے دی جس پر ساتواں اور آٹھواں سمسٹر بھی پاس کرلیا لیکن عدالت نے مرکزی فیصلہ میں درخواست خارج کردی ،جس کے خلاف یہاں پر رجوع کیا گیا ہے ، بعد ازاں فاضل عدالت نے اپیل کنندہ کو مشروط طور پر اگلے درجہ کا امتحان دینے کی اجازت دیتے ہوئے یونیوسٹی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 15 روز کے لئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :