پا کستان اور چینی بحری افواج کے مابین ہونے والی دوطرفہ بحری مشقیں شمالی بحیرئہ عرب میں اختتام پذیر

پیر 21 نومبر 2016 22:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء)پا کستان اور چینی بحری افواج کے مابین ہونے والی چوتھی دوطرفہ بحری مشقیں پیر کوشمالی بحیرئہ عرب میں اختتام پذیر ہوگئیں ، ہاربر اور سی فیز پر مشتمل ان اہم ترین بحری مشقوں میں متعدد آپریشنل اور دفاعی سرگرمیاں شامل تھیں۔ ہاربر فیز میں باہمی ملاقاتیں، دونوں ممالک کے جہازوں پر دوروں کے تبادلے ، آپریشنل سرگرمیوں اور اہم امور پر بات چیت شامل تھیں۔

مشقوںکا سی فیز بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ کے میری ٹائم اور نیول آپریشنز، اسپیشل فورسزکے کھلے سمندر میں جوائنٹ بورڈنگ آپریشنز ، ائیر ڈیفنس مشقوں، رابطے کی مشقوں اور بحری جہازوں کی جنگی چالوں پر مشتمل تھا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا مقصد مشترکہ بحری آپریشنزکے انعقاد کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ایک محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے قیام میں مدد مل سکے جو کہ خطے میں اقتصادی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

یہ مشقیں دونوں اطراف پائی جانے والی اس خواہش کی غماز بھی ہیں کہ دو طرفہ تعاون کو آپریشنل اور دفاعی سطح پر مزید فروغ دیا جائے ۔پاکستان اور چینی بحری افواج کے درمیان مشترکہ بحری تعاون پاک ۔چین اقصادی راہداری کے تناظر میں بھی انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے ۔ اس ضمن میں دو طرفہ بحری مشقیں خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام پر دور رس نتائج مرتب کریں گی۔