دفاعی نمائش آئیڈیاز2016 کا آغاز سے کراچی ایکسپوسینٹر میں ہوگا،وزیر اعظم نواز شریف افتتاح کرینگے

پیر 21 نومبر 2016 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان کی سب بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز2016 کا آغاز کل منگل سے کراچی ایکسپوسینٹر میں ہوگا،جوچارروز تک جاری رہے گی ۔منتظمین کے مطابق نمائش کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔نمائش کا افتتاح وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف کریں گے۔صدرمملکت پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی،وفاقی وزیر دفاع، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگروفاقی وزراء نمائش میں شرکت کریں گے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل رحیل شریف نمائش کے آخری روز ایکسپوسینٹرکا دورہ کریں گے ۔نمائش میں 43ممالک کے 90 وفود شرکت کررہے ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی جب کہ 34 ممالک کی 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔

آئیڈیاز نمائش 2016ء میں مقامی طور پر بنائی گئی اہم مصنوعات جن میں اہم جنگی ٹینک الخالد، جے ایف ۔17 تھنڈر فائٹر ایئر کرافٹ، سپر مشاق، K-8 ایئر کرافٹ، تیزرفتار میزائل بوٹس، یو اے ویز اور بکتر بند گاڑیاں ، ملٹری آلات اور ٹیکنالوجی شامل ہیں پیش کی جائیں گی۔اس بارایکسپوسینٹرکی8 ہالزمیں نمائش کی جارہی ہے کیوں کہ گزشتہ نمائش کے مقابلے میں 9 ممالک زیادہ شرکت کررہے ہیں،نمائش میں14 ایم او یوز پردستخط کئے جائیں گے۔

نمائش میں سی پیک کی افادیت کو بھی اجاگرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے خصوصی اسٹال بھی لگائے گئے ہیں،ہال نمبر3میں چائنا کی جانب سے کئی اسٹالز قائم کئے ہیں جہاں چائنا کا تیارکردہ دفاعی سامان رکھا گیا ہے ۔ڈیپو کی کامیاب مارکیٹنگ کی وجہ سے اس سال 9 مزید ملک آئیڈیاز میں شرکت کررہے ہیں جن میں لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ریپبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجیئم، نائیجیریا اور رومانیہ شامل ہیں۔ نمائش کے دوران ٹریفک کیلئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پہلی بار یونیورسٹی روڈ کو بند نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :