دوسرا یاسر خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ شروع

پیر 21 نومبر 2016 21:48

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ماہر نفسیات ڈاکٹر احسن نوید نے دوسرے یاسر خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی میچ ایف سی علی خان نے جیت لیا۔ دوسرا یاسر خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا بانڈہ علی خان میں آغاز کر دیا گیا ہے، ہزارہ کے معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر نوید عرفان مرحوم کے صاحبزادے ڈاکٹر احسن نوید ایف سی علی خان اور فرینڈز یونائیٹڈ میرپور کے مابین کھیلے جانے والے میچ کے مہمان خصوصی تھے۔

ڈاکٹر احسن نوید جب کھیل کے میدان میں پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ڈاکٹر احسن نوید کے ساتھ تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر شائقین فٹ بال کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹراحسن نوید نے کھلاڑیوں اور شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق دماغی امراض کے شعبہ کے ساتھ ہے، انہیں خوشی ہے کہ کسی میچ میں ایک ڈاکٹر کو بھی مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے، ان کے والد ڈاکٹر نوید عرفان مرحوم نے عوام کی بہت خدمت کی اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آج وہ اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احسن نوید نے کہا کہ پانچ وقت کی نماز، کھیل کود، ورزش، جلدی سونا اور سات گھنٹے کی پرسکون نیند انسان کو ہر قسم کی جسمانی اور دماغی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے، انہیں خوشی ہے کہ آج کی نوجوان نسل کھیل کے میدانوں میں سرگرم عمل ہے، میری تمام نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ کھیل کے میدانوں کو سجائیں اور نشے سے اپنے آپ کو اور اپنے تمام ساتھیوں کو بچائیں۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے انتظامی کمیٹی کو اپنی طرف سے 15 ہزار روپے کا چیک بھی دیا۔