رواں سال کے دوران زیادہ آبادی کے باجود پنجاب میں ایک بھی پولیو کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا ، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

پیر 21 نومبر 2016 21:41

میرپور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران زیادہ آبادی کے باجود پنجاب میں ایک بھی پولیو کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا جبکہ سندھ میں 6ہوگئے ہیں اس لیے میڈیکل افسران سمیت پولیو ٹیموں کو سخت محنت کرنی ہوگی تاکہ ہمارے صوبے سے بھی پولیو وائرس کا خاتمہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں منقعدہ پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس پی گھوٹکی مسعود بنگش اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد خالد سلیم سمیت ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، میڈیکل افسران و این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں پولیو مہم کا بہتر کام ہورہا ہے اس کے باجود ہمیں ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا کیوںکہ سندھ میں پولیو وائرس موجود ہے جو کسی بھی وقت حملا آور ہوسکتا ہے اس لیے محکمہ صحت کو چاہیے کہ ضلع کے تمام بچوں سمیت گھوٹکی سے گذرنے والے مسافر بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں تاکہ پولیو وائرس کا کنٹرول میں رکھا جاسکے اس سلسلے مین کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو بہتر سے بہتر بنانا ان کی پہلی ترجیح ہے کیوںکہ یہ ایک بہت بڑا چئلینج ہے اور ہماری آنے والی نسلوں پر تلوار کی طرح لٹک رہا ہے اس لیے ہم سب کو چاہیے کہ پولیو مہم میں اپنا اپنا کردار ادا کریں جو کہ ہمارا قومی فرض بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں پولیو مہم کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ہر ایک تحصیل میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا تاکہ پولیو مہم کے دوران درپیش مسائل کو تحصیل سطح پر ہی فوری طور پر حل کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے اجلاس میں میونسپل افسران نے شرکت نہیں کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیوںکہ یہ ہم سب کا کام ہے اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم آپس میں مل کو پولیو وائرس کا مقابلہ کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیل میں پولیو مہم کی نگرانی کرکے رپورٹ فراہم کریں ۔ قبل ازیں پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر الطاف سومرو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 23 نومبر سے 26 نومبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران ضلع کے 3 لاکھ65 ہزار 801 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :