گریڈ ایک سے 16 تک ریگولر بھرتیاں وزارتیں این ٹی ایس کے ذریعے کرتی ہیں‘ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد

پیر 21 نومبر 2016 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ گریڈ ایک سے 16 تک ریگولر بھرتیاں وزارتیں این ٹی ایس کے ذریعے کرتی ہیں‘ اس سے اوپر گریڈز میں بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جاتی ہیں۔ پیر کو ایوان بالا میں ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ریگولر بھرتیوں میں گریڈ ایک سے 16 تک وزارتیں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتیاں کرتی ہیں۔

اس سے اوپر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کی جاتی ہیں۔ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہ بھرتیاں بھی این ٹی ایس کے ذریعے کی جاتی ہیں۔ اگر کہیں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ہے تو نوٹس میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کے حوالے سے حکومت کی ریکروٹمنٹ پالیسی کو زیر بحث لانے کی تحریک پیش کی جس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریکروٹمنٹ پالیسی لیبر لاء کے خلاف ہے‘ یہ استحصال کی بدترین شکل ہے۔

کنٹریکٹ یا ڈیلی ویجز پر کئی سال رکھنے کے بعد اکوور ایج کرکے ملازمین کو پھینک دیا جاتا ہے۔ اس طرح کے ہزاروں ملازمین احتجاج پر ہیں۔ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ کئی اداروں میں اس طرح کے حالات ہیں۔ ملازمت کا تحفظ ہونا چاہیے۔ حال ہی میں بلوچستان میں لیویز کی بھرتیاں کیسے ہوئیں سب جانتے ہیں۔