کارکنوں کو اُن کا جائز مقام دینا اور پارٹی کو مضبوط کرنا میرا مشن ہے ،شازیہ سہیل میر

پیر 21 نومبر 2016 21:29

گوجرانوالہ۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ایم این اے و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) شازیہ سہیل میر نے مسلم لیگ ہائوس میں سینئر نائب صدر راناافتخار حسین کو نوٹیفیکشن دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں کو اُن کا جائز مقام دینا اور پارٹی کو مضبوط کرنا میرا مشن ہے ، انہوں نے سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رانا افتخار حسین پہلے سے بڑھ کر پارٹی کاز کے لئے کام کریں گے ۔انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے پورا ملک اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑ ا ہے ، پاک افواج کی صلاحیتوں کا اعتراف پوری دنیا کررہی ہے، انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہر جارحیت پر ہم سے کئی گنا زیادہ جانی و مالی نقصان ہوتا ہے ، لیکن وہ اپنے جنگی جنون سے باز نہیں آرہا ۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے تمام ونگز میں بہتری لانے کے لئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گلی گلی‘ محلے محلے اور گائوں گائوں پھیل جائیں۔ اپنے ایم پی اے ، ایم این اے حضرات کے دست وبازو بنیں اور محمد نواز شریف کے پیغام محبت کو عوام تک پہنچائیں۔ اس موقع پر زرینہ اشرف بٹ، شہباز نثار خاں، سردار خالد ملک ، ملک شوکت علی اعوان،سفیان اکرم مغل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :