کسان پیکیج کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں،کمشنر گوجرانوالہ

پیر 21 نومبر 2016 21:29

گوجرانوالہ۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)کمشنر کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ کسان پیکیج کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں اور انہیں درپیش مسائل کے ازالہ کے لئے سخت اقدامات کے ساتھ ساتھ معاملات میں بہتری بھی لائی جا رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ڈویژن بھر میں کسان پیکیج کے تحت14047 کسانوں کی زرعی قرضہ جات کے لئے رجسٹریشن کر لی گئی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

وہ اپنے دفتر میں ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈی سی او محمد عامر جان اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل انجم ریاض سیٹھی کمشنر آفس میں جبکہ دیگر اضلاع کے ڈی سی اوز اپنے اپنے دفتروں میں ویڈیو لنک کانفرنس سے منسلک تھے۔ بعد ازاں کمشنر نے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی سہولتوںکی فراہمی کے لئے تمام متعلقہ محکموں پر یہ فرض عائد ہو تا ہے کہ حکومتی پالیسیوں پر پوری شدت سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ ہر ضلع میں ڈی سی او کی سربراہی میں کسانوں کو زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے فراہم کی جانے والی بجلی کے نرخوں سے متعلق شکایات کے ازالہ اور بجلی کے زائد بل آنے کی صورت میں ان میں کمی کرنے کے اختیارات کی حامل کمیٹی بھی قائم کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر اس کمیٹی کا اجلاس طلب کریں۔

اجلاس میں کھادوں کی مقررہ نرخوںپر فراہمی ‘ جعلی سازی سے پاک اور غیر معیاری زرعی ادویات کی مانیٹرنگ‘ ڈیلرز کی رجسٹریشن‘ نہری پانی کی فراہمی اور پانی کی چوری کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کرنے کے سلسلہ میں تفصیلاً جائزہ لیا گیا،اجلاس میں محکمہ زراعت ‘ محکمہ انہار اور بینکوں کے افسران شریک تھے ای ڈی او زراعت گوجرانوالہ سر دار محمد اکبر نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں25 لاکھ60 ہزار ایکڑ گندم کاشت کرنے کا کام شروع کیا جا چکا ہے 14 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت مکمل کی جا چکی ہے اجلاس میں شریک افسران و کسانوں کے نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہو ئے زراعت سے متعلق اہم امور کمشنر کے نوٹس میں لائے گئے۔