کوئی بھی قوم اور معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا‘ چوہدری طارق جاوید

پیر 21 نومبر 2016 21:29

جوہر آباد۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) لاہور ہائی کورٹ کی 150ویں سالگرہ کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس جوہرآباد کے احاطہ میں طلباء و طالبات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبا و طالبات ‘اساتذہ و معلمات ‘ عدلیہ اور انتظامیہ کے افسران سمیت مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری طارق جاوید نے کہا کہ کوئی بھی قوم اور معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ‘ تعلیم کا حصول استاد کے بغیر ممکن نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دورِ جدید میں بچوں کو بھی جدید بنا دیا ہے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کو عدالتوں کا وزٹ کرایا گیا اور اُنھیں عدالتی امور سرانجام دینے کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

طلباء اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد چوہدری طارق جاوید کے درمیان سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس سے طلباء کی معلومات میں اضافہ ہوا۔ اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں نے ٹیبلو شو اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین نے دلچسپی سے دیکھا۔ تقریب سے ایڈیشنل سیشن جج احمد نواز خان‘ غفار مہتاب ‘ نوید الرحمن ‘ محمد اقبال سپراء اور شگفتہ جبین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے عدالت عالیہ کی 150ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کرنیوالے تعلیمی اداروں کے اساتذہ ‘ معلمات اور بچوں کو شیلڈز دیں۔

متعلقہ عنوان :