جنرل راحیل شریف قائداعظم کے سپاہی ہیں،ضرب عضب ہو یا وطن عزیزکا دفاع انہوں نے 100 فیصد کامیابیاں حاصل کیں‘ سینیٹر نہال ہاشمی

پیر 21 نومبر 2016 21:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف قائداعظم کے سپاہی ہیں،ضرب عضب ہو یا وطن عزیزکا دفاع انہوں نے 100 فیصد کامیابیاں حاصل کیں۔ پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی سوچ کی ہوئی ہے جس روز جنرل راحیل شریف نے سوچ لیا تھا کہ وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنا ہے کامیابیاں اسی روز مل گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک سچے انسان ہیں اور عظیم خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جس نے دھرتی کو دو شہداء اور راحیل شریف کی صورت میںایک بہادر غازی دیا۔ ان کی کامیابیوں کا فیصلہ آنے والی تاریخ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرداری اگرآرہے ہیں تو انہیں آنا چاہئے‘ ان کی واپسی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا فرض بنتا ہے کہ ملک کی خدمت اور مسائل کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ پاکستان تحریک انصاف پھٹ چکی ہے اب سیاست میں اس کی حیثیت بارھویں کھلاڑی کی ہے۔