خواتین کی معاشی خودانحصاری سے ہی وہ اپنے تمام حقوق کی پاسداری کو محفوظ بنانے کے قابل ہو سکتی ہیں اس ضمن میں ان کے فعال کردار کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی شرکت اور شمولیت اشد ضروری ہے

قائمقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی کی نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن بلوچستان کے نمائندوں سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 20:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) قائم مقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی خودانحصاری سے ہی وہ اپنے تمام حقوق کی پاسداری کو محفوظ بنانے کے قابل ہو سکتی ہیں اس ضمن میں ان کے فعال کردار کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی شرکت اور شمولیت اشد ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن بلوچستان کے نمائندوں ثناء درانی اور رخسانہ احمد علی درانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ صلاحیت اور شعور کے حوالے سے بلوچستان کی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے مواقع فراہم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

قائم مقام گورنر نے کہا کہ عورت کے مقام کے حوالے سے دیگر صوبوں کے برعکس ہمارے ہاں صوبائی کمیشن ابھی تک تشکیل نہیں دیاجاسکا ہے اور اس کمیشن کی تشکیل کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ مشاورت کے بعد اس پر جلد قانون سازی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے ذمہ دار خواتین پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں اپنی تجاویز اور مدد فراہم کریں۔

قائم مقام گورنر نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور جائز شکایات کے ازالے کے لئے شکایت سیل کی تکمیل کا کام آخری مراحل میں ہے ، یہ سیل خواتین کی شکایات کی دادرسی میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست اور دیگر شعبوں میں عورت کی عدم شرکت کی وجہ سے خواتین کی اہم عہدوں پر موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی کوشش اور خواہش ہے کہ صورتحال کو تبدیل کیا جائے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں عورت کا کردار اتنا عام ہوجائے کہ کسی بھی پوسٹ پر خواتین کی موجودگی اجنبیت کا تاثر نہ دے۔

دریں اثناقائم مقام گورنر بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید خان درانی سے صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو، ممبر صوبائی اسمبلی سردار درمحمد کاسی، پرنس احمد علی، ولیم برکت، وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی انجینئر احمد فاروق بازئی، ریحانہ خلجی، بلوچستان بوائے اسکاؤٹس کے نمائندے، نعمت اللہ زھیر اور علاؤالدین کاکڑ کی سربراہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیس رکنی وفد نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :