پختونوں کے ساتھ مزیدکھلواڑ اب بند ہو نا چاہیے،خیبر پختونخوا کو سی پیک میں بھرپور حصہ دیا جائے اورپختونوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے ، خطہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشت و خون کا شکار ہے، جس سے انفراسٹرکچر متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اقتصادی ، سماجی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے،مرکزی حکومت کے غیر منصفانہ رویئے سے خیبر پختونخوا اور ملک کی چھوٹی اکائیوں کے عوام میں احساس محرومی پیدا ہو رہاہے جو ایک مضبوط وفاق کیلئے ٹھیک نہیں

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 21 نومبر 2016 20:52

بونیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ملک بھر میںمردم شماری کے جلد انعقاد، خیبر پختونخوا کو سی پیک میں بھرپور حصہ دینے،بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھانے،صوبہ کے وسائل پر اختیار اور پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ سمیت ان کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونوں کے ساتھ مزیدکھلواڑ اب بند ہو نا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع بونیر کے علاقہ امنور میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان عوامی ورکرز پارٹی کے سابقہ ضلعی صدر عدالت خان اور نائب صدر بحرہ مند خان نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو،پارٹی رہنمائوں فضل رحمان نونو،امان اللہ خان اورپروفیسر حمید الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

آفتاب شیرپاونے خیبر پختونخوا اور پختونوں کو بھرپور توجہ اور حقوق دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشت و خون کا شکار ہے اور یہاں کی انفراسٹرکچر متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اقتصادی ، سماجی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے۔انھوں نے مر کزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی غیر منصفانہ رویئے سے خیبر پختونخوا اور ملک کی چھوٹی اکائیوں کے عوام میں احساس محرومی پائی جارہی ہے جو ایک مضبوط وفاق کیلئے ٹھیک نہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ چھوٹے صوبوں کو ان کے وسائل پر اختیار اور تمام ترقیاتی منصوبوں میں ان کو بھر پور حصہ دیا جائے تاکہ پورے ملک میں یکساں ترقی ممکن ہوسکے۔ آفتاب شیرپاؤ نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت چھوٹے صوبوں کا استحصال بند کرے اورخیبر پختونخوا کو سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں میں کئے گئے وعدوں کے مطابق حصہ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں جلد از جلد مردم شماری کا انعقاد کیا جائے جس کو بنیاد بناکر آئندہ کے لئے ترقیاتی سکیموں کی منصوبہ بندی کی جاسکے اور مردم شماری ہی سے ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوسکے گی اور چھوٹے صوبوں میں پائی جانے والی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے گا۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کی لازوال قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں پر بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں تاکہ اس سلسلے میں صنعت کاروں اور کاروباری طبقہ کو درپیش دشواریوں پر قابو پایا جا سکے اور صوبہ تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :