جمہوریت کو بچانے کے دعویدار خورشید شاہ اپنے حلقے میں سیاسی مخالفین کو برداشت کریں، ڈاکٹر محمد امجد

پیر 21 نومبر 2016 20:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ جمہوریت کو بچانے کے دعویدار خورشید شاہ اپنے حلقے میں جمہوری اقدارکو فروغ دیتے ہوئے اپنے سیاسی مخالفین کو برداشت کریں۔خورشید شاہ نے اے پی ایم ایل سندھ کے صوبائی صدر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی زرعی زمین پر قبضہ کیا،انہیں زودوکوب کیا اور ان کے خلاف بوگس مقدمہ درج کروایا،بعد ازاں انہیں گرفتارکروا کر غائب کروادیا گیا۔

خورشید شاہ کے ان اقدامات کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور مطالبہ کیاجاتا ہے کہ ان کی زمینیں فوری طور پر واپس کرتے ہوئے ان کوبازیاب کروایا جائے اور ان پر تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندھ سے آئے پارٹی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ جو کرپشن کی وجہ سے ڈبل شاہ کے نام سے جانے جاتے ہیں اپنے حلقے میں جمہوری اقدار کو قتل کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنے حلقے میں سیاسی مخالف اے پی ایم ایل سندھ کے صدر سردارغلام رضا بھمبھرو کی زرعی زمین جو کہ ان کے اپنے نام پر ہے،پر اپنے غنڈوں کے ذریعے قبضہ کیا۔انہیں زودوکوب کروایااور ان کی گاڑی توڑوا دی۔بعدازاں اپنے آدمی کو زخمی کر کے سردارغلام رضا بھمبھرو کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروادیا۔پولیس نے انہیں کرفتار کیابعدازاں انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کروادیا گیا۔

ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ خورشید شاہ رابطہ کرنے پر بات ہی نہیں کررہے۔انہوں نے خورشید شاہ کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سردار غلام رضا بھمبھرو کوفوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔ان کی زمین قابضین سے واگزار کروائی جائے اور ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاجائے۔اے پی ایم ایل کے راہنما نے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیاگیا تو ہم خورشید شاہ کے خلاف راست اقدام کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔