شملائی کے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے‘ناظم ویلج کونسل

پیر 21 نومبر 2016 20:45

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) ویلج کونسل شملائی کے عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کو وہ تاحیات یاد رکھیں گے، اپنے ویلج کے عوام کو کسی بھی موقع پر کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے، ویلج کونسل شملائی کو ایک ماڈل ویلج کونسل بنا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ویلج کونسل شملائی کے ناظم عادل نواز خان نے سوموار کو میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بہترین بلدیاتی نظام متعارف کروا کر عوام کو بااختیار بنایا ہے، اب ترقیاتی کاموں کیلئے کسی رکن قومی اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی کے پاس جانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی، اب ہر ویلج کونسل کی سطح پر ریکارڈ ساز ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویلج کونسل شملائی میں ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، انشاء الله بہت جلد تمام زیر تکمیل منصوبے معیار کے مطابق مکمل ہو جائیں گے، اپنے ویلج کونسل شملائی کی پسماندگی کو دور کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، وہ دن دور نہیں جب شملائی کے عوام ہر لحاظ سے خوشحال ہو جائیں گے۔