سرگودھا، صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی ایمر جنسی میں ادویات نا پید ہونے کا نوٹس

شہباز شریف کے چیف سیکرٹری اور محکمہ صحت کو ادویات کی فراہمی کے احکامات

پیر 21 نومبر 2016 20:24

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء) سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمر جنسیوں میں ادویات نا پید کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ صحت کو فوری طور پر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کی شکایات موصول ہو رہی تھی کہ ایمر جنسی کی صورت میں مریضوں کو حکومت کی جانب سے ادویات فراہم نہیں ہو رہی ہیں، جس پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری پنجاب سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادویات کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، ڈی سی او خوشاب کی جانب سے بھی شکایت کی گئی تھی کہ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی شدید کمی ہے، جس کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اسی طرح دیگر اضلاع سے بھی ادویات کے نہ ہونے کی خبروں کی اشاعت پر وزیر اعلیٰ نے نوٹس لیا ہے۔