نصیرآباد ، مختلف علاقوں میںکیبل آپریٹرزنے مرکزی ڈیمانڈنوٹس پر عملدآمد نہ ہونے کے باعث اپنا سسٹم بند کر دیا

پیر 21 نومبر 2016 20:16

تمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء)کیبل ایسوسی ایشن کی مرکزی کال پر نصیرآباد کے مختلف علاقوں میںکیبل آپریٹرزنے مرکزی ڈیمانڈنوٹس پر عملدآمد نہ ہونے کے باعث اپنا سسٹم بند کرکے تمام چینلز بندکردئے صارفین خبریں ،تبصرے ،حالات حاضرہ کے پروگراموں اورڈرامہ دیکھنے سے محروم ہوگئے تفصیلات کے مطابق کیبل ایسوسی ایشن کی مرکزی کال پر ڈیرہ مرادجمالی،منجھوشوری،میرحسن ،حمیدآباد اور اوچ پاور میں کیبل آپریٹرز نے مرکزی ڈیمانڈنوٹس پر عملدآمد نہ ہونے کے باعث اپنے سسٹم کو تالے لگا کر نیوز چینلز کے ساتھ ساتھ تمام چینلز کی نشریات کوبند کردیا جس کے باعث کیبل دیکھنے والے صارفین خبریں ، ڈراموں،تبصرہ،حالات حاضرہ کے پروگراموں کو دیکھنے سے محروم ہوگئے ہیں ڈیرہ مرادجمالی میں نیوسٹی کیبل کے سی ای او حبیب اللہ کھوسو،گل شیر ابڑو،فیض محمد ڈومکی اور ارشاد کیبل اوچ پاور کے ارشاد علی جویہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کیبل ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کی جانب سے حکومت کو کافی عرصہ قبل کیبل آپریٹرز کا ڈیمانڈ نوٹس دیاگیا ہے مگر اس پر حکومت کی جانب سے عملدآمد نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث مجبورامرکزی صدر کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے جس کے باعث ہم نے اپنے تمام سسٹم کو بند کرکے تالے لگادئے ہیں اور تمام چینلز کی نشریات کو بندکردیا گیا ہے جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیئے جاتے اس وقت تک احتجاج کاسلسلہ جاری رہے گا ۔