الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بڑی ذمہ داری پرامن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے ،ْ چیف الیکشن کمشنر

الیکشن کمیشن ووٹروں کیلئے پرامن ماحول کو یقینی بنائے گا اور پولنگ عملہ کو مکمل تربیت دے گا ،ْ سردار محمد رضا خان

پیر 21 نومبر 2016 19:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بڑی ذمہ داری پرامن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔پیر کو سیاسی جماعتوں ،ْامیدواروں اور عام انتخابات 2018ء کیلئے میڈیا کے ضابطہ اخلاق کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مختلف میڈیا اور سول سوسائٹی کی آرگنائزیشنز کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا ۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بڑی ذمہ داری پرامن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دینے سے قبل میڈیا کے نمائندوں کی تجاویز حاصل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء کیلئے میڈیا کیلئے رہنما اصول تجویز کئے ہیں اور ضابطہ اخلاق کا مسودہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹروں کیلئے پرامن ماحول کو یقینی بنائے گا اور پولنگ عملہ کو مکمل تربیت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی غیر جانبداری اور اپنے وقار کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا فرض ہے کہ وہ ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کیلئے آگاہی دے۔ شرکاء نے الیکشن کمیشن کی تعریف کی اور کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے ووٹرز کو آگاہی دی جائے۔