چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے الوداعی دورے

جنرل راشد محمود کی ایئر اور نیول ہیڈکوارٹرز کے دوروں پر ائیر چیف مارشل سہیل امان اور ایڈمرل ذکاء اللہ سے ملاقاتیں، مسلح افواج کے کلید ی کردار کی تعریف ، آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں کی جنرل راشدکی ملکی دفاع کی مضبوطی اور تینوںافواج کے درمیان مشترکہ و مربوط حکمت عملی کے حصول میں اہم کردارادا کرنے پر ستائش

پیر 21 نومبر 2016 19:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود نے الوداعی دوروں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیااور اس دوان انہوں نے ایئر اور نیول ہیڈکوارٹرز کے دورے کرکے پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں سے ملاقاتیںکیں ،دونوں ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل راشد محمود کو چاق وچوبند دستوں نے سلامی پیش کی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے قوم کے محافظوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں نے ملکی دفاع کی مضبوطی اور تینوںافواج کے درمیان مشترکہ و مربوط حکمت عملی کے حصول میں اہم کردارادا کرنے پر جنرل راشد کی تعریف اور شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

پیرکوچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادکا الوداعی دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان سے اُن کے آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ جنرل راشد نے ائیر چیف سے گفتگو کے دوران قوم کے فضائی محافظوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل راشدکی پاکستانی دفاع کی مضبوطی اور تینوںافواج کے درمیان مشترکہ و مربوط حکمت عملی کے حصول میں اہم کردارادا کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ سے نیول ہیڈ کوارٹرز میں الوداعی ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو خوش آمدیدکہا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں جنرل راشد محمود نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نیول چیف نے بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی آپ کی شاندار خدمات کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ نیول چیف نے ملاقات کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیتوں اور تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اورتینوں فورسز کو خطے کی با صلاحیت اور مضبوط باہمی مربوط فورسز میں منتقل کرنے کے ضمن میں دورانِ سروس آپ کے قوی کردار کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔

ایڈمرل نے ملک کے دفاع اورمسلح افواج کے لئے آپ کی شاندارطویل خدمات کو بھی سراہا۔چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کی طرف سے بھر پور تعاون پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان نیوی اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔