جنرل راحیل شریف کی ملک کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں،مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

پیر 21 نومبر 2016 19:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ملک کیلئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے جس وقت ملک میں فوج کی باگ دوڑ سنبھالی تھی اس وقت پورا پاکستان دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا۔ آرمی تنصیبات ، فورسز کے دفاتر اور عوامی اجتماعات کے مقامات پر دہشت گرد ، ملک دشمن کھلے عام حملے کررہے تھے۔

ملک کے کئی صوبوں میں خانہ جنگی کی کیفیت تھی لیکن جنرل راحیل شریف نے جس برد باری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو دہشت گردی، تخریب کاری سے نجات دلوائی وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے مورال کو بلند کیا اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے فوج میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے جمہوری اداروں کو مضبوط کیا جو ان کا بڑا کارنامہ ہے۔

قوم نئے آنے والے آرمی چیف سے یہ اُمید رکھتی ہے کہ وہ بھی اسی تندہی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کا دائرہ سندھ بھر میں وسیع کیا جائے ۔ اگر اس آپریشن کو ادھورا چھوڑا گیا تو پھر ملک دشمن قوتیں بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز کو سر اُٹھانے کا موقع ملے گا جو ملک اور قوم کیلئے انتہائی منفی عمل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آج قوم کا بچہ بچہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ آنے والے فوج کے سربراہ سے قوم یہ توقع بھی رکھتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بدعنوانی ، لوٹ مار اور اقرباء پروری کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :