پاکستان میں سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

غربت کی چکی میں ملک کا غریب طبقہ پس رہا ہے ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 21 نومبر 2016 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے ،اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بھی سب سے اہم رکاوٹ کرپشن ہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملک شاہد اسلم صاحب کی طرف سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کی باتیں کرنے والے صرف ٹاک شوز میں قانون کی عمل داری کی بات کرتے ہیں اس پر عمل کوئی نہیں کرتا۔ کرپشن کا شور مچانے والے مال کے بھوکے ہیں ۔ پارلیمینٹ لاجز میں جن ارکان اسمبلی کو گھر الاٹ کئے جا چکے ہیں وہ ہائوسنگ الائونس نہیں لے سکتے لیکن کرپشن کی انتہا ہے کہ جن ارکان اسمبلی کو گھر الاٹ تھے ان کو 8کروڑ 68لاکھ روپے سے زائد رقم کی ادائیگی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی خود قانون سازی کرتے ہیںاور خود ہی قانون کی دھجیاں اڑاتے ہیں ۔ جماعت اسلامی گزشتہ کئی سالوں سے مطالبہ کر رہی ہے کہ چور،ڈاکو کا احتساب نہیں کر سکتا۔ اس ملک میں قسمت بدلی ہے تو صرف کرپٹ لوگوں کی ، غربت کی چکی میں پس رہا تو پاکستان کا غریب طبقہ ۔ انہوں نے کہا کہ جب اس غریب طبقے کے ہاتھ میں اپنی تقدیربدلنے کا موقع آتا ہے تو کرپشن اس وقت تک اپنا کھیل کھیل جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ان کرپٹ ٹولوں کو مسترد کرکے کرپشن کے دروازے کو ہمیشہ کیلئے بند کر دینا ہو گا ۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی اس وقت ہی ممکن ہے جب عوام بیدار ہونگے اور پنے حق کے لئے اٹھ کھڑے ہونگے ۔