حب،پختون ویلفیئر کمیٹی کے زیراہتمام گڈانی شپ بریکنگ میں سانحہ گڈانی کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ

پیر 21 نومبر 2016 19:30

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2016ء) پختون ویلفیئر کمیٹی کے زیراہتمام گڈانی شپ بریکنگ میں سانحہ گڈانی کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت پی دبلیو سی کے مرکزی صدر زاہد اللہ خان اورحاجی برات خان سمیت دیگر قائدین حاجی جال ترین، محیب اللہ کاکڑ، سفر محمد ترین، شاہ محمد علی زئی، حمید اللہ ترکئی، عجب خان وردگ، عبید خان مشوانی، عبدالرحمن، گڈانی یونٹ کے وکیل خان پیندہ خیل، معین خان، رحمان الحق اور شیرحسین خان کررہے تھے۔

اس موقع پر پی ڈبلیو سی کے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شپ بریکنگ کے محنت کشوں کے ساتھ اس وقت جو روا رکھا جارہاہے ایسا ظلم تو کسی جانور سے بھی نہیں ہوتا۔ کسی طرف سے مزدوروں کے حق میں آواز نہیں اٹھائی جاتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین کا کام محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ لیکن گڈانی شپ بریکنگ میں رونما ہونے والے سانحہ کے بعد یہاں کی سی بی اے یونین نے محنت کشوں کے حق میں کوئی مؤثر آواز نہیں اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ سی بی اے کے کچھ لوگ شپ بریکروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اورمحنت کشوں کا خون جوش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کے حوالے سے جو رپورٹ سامنے آئی ہے کہ جہاز میں اضافی تیل تھا اور اس اضافی تیل کو متعلقہ اداروں نے کیسے کلیئر کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ گڈانی کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ ہرپلاٹ پر ایک ایمبولینس اور ڈسپنری کا بندوبست کیا جائے۔

ہرپلانٹ پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ہر تیسرے پلاٹ پر کھانے کا ایک کینٹین ہونا چاہئے۔ ہرپلاٹ پر حفاظتی انتظامات کا بندوبست کیاجائے۔ شپ بریکنگ یارڈ میں جب تک کام بند ہے ان تمام دنوں کی روزانہ اجرت اور2گھنٹے اوورٹائم محنت کشوں کو دیا جائے۔ محنت کشوں کی رہائش کی سہولت دی جائے۔ شیخ آباد ڈسپنسری کو فوری طور پر اپ گریڈ کرکے علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

حالیہ سانحے میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کے لئے وفاقی وصوبائی حکومت کی جانب سے مالی امداد کے جو اعلانات ہوئے ہیں ان پرفوری عملدآمد کیاجائے اورآئندہ شپ بریکنگ میں دوران کام کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو شپ بریکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے فی کس 10لاکھ شدید زخمی ہونے والے کے لئے 5لاکھ اور معمولی زخمی ہونے والے محنت کش کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں۔

شپ بریکنگ میں محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے اسکول کھولے جائیں۔ مزدوروں کو ای او بی آئی لیبرڈیپارٹمنٹ اوردیگرسرکاری محکموں میں باقاعدہ رجسٹرڈ کیا جائے اورلیبرقوانین کے مطابق انہیں مکمل سہولیات ومراعات دی جائیں۔ قبل ازیں پی ڈبلیو سی کے رہنمائوں نے پی ٹی آئی سندھ کے سینئرنائب صدر حلیم عادل شیخ کے دورہ حب کے موقع پر انہوں نے سول اسپتال حب جاکر سانحہ گڈانی کے زخمیوں کی عیادت کی۔ بعدازاں شہداء کے گھروں میں جاکر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت۔ پی ٹی آئی کے رہنماء نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گڈانی میں پی ڈبلیو سی کی جانب سے منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔