پی آئی اے کا عمرہ زائرین کیلئے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان

پیر 21 نومبر 2016 19:15

پی آئی اے کا عمرہ زائرین کیلئے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان
لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)پی آئی اے نے عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رواں ماہ 11 اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ پروازیں 30 نومبرتک کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سے روانہ ہوں گی۔ یہ اقدام ائرلائن کے شعبہ مارکیٹنگ کی جانب سے عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ عمرہ سیزن کے دوران مزید اضافی پروازیں چلانے کیلئے سعودی سول ایوی ایشن سے اجازت بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نومبر کے آغاز سے جدہ کیلئے 4 ہفتہ وار اضافی شیڈول پروازیں بھی شروع کر چکی ہے جس سے جدہ کیلئے ہفتہ وار معمول کی پروازوں کی تعداد 21 سے بڑھ کر 25 ہو گئی ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی قومی ائر لائن کی اولین ترجیح ہے۔