پیک کے سالانہ امتحان کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سی ٹی ایس سی ہیڈز جواب دہ ہونگے، ای ڈی او ایجوکیشن

پیر 21 نومبر 2016 19:14

بھکر۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)پیک کے سالانہ امتحان کیلئے امیدواروں کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سی ٹی ایس سی ہیڈز جواب دہ ہونگے، یہ بات ای ڈی او ایجوکیشن ملک محمد اشرف اعوان نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول بھکر میں ضلع کے 52کلسٹرز سنٹر کے ہیڈز سے پیک امتحان کے سلسلہ میں کی جانے والی امیدواران کی رجسٹریشن کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈی ٹی ایس سی ہیڈملک حسین بخش ، ڈی ای او ایلمنٹری حافظ عبد الواحد اولکھ ، رجسٹرار محکمانہ امتحانات ملک حسنین حیدر کھرل اورجملہ سی ٹی ایس سی ہیڈذ موجود تھے ای ڈی او نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیک کے سال2017کے سالانہ امتحان کیلئے امیدواران کی رجسٹریشن کیلئے حکومت پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے احکامات دیئے گئے تھے کہ گزشتہ سال نسبت امیدواروں کی اس سال 10فیصد رجسٹریشن زیادہ ہو لیکن ابھی تک اکثر کلسٹر سنٹر اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور بعض کلسٹر سنٹر ایسے بھی ہیں جنہوں نے ابھی تک گزشتہ سال والا ٹارگٹ بھی حاصل نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب پنجاب ایگزامی نیشن کمیشن نے جماعت پنجم اور ہشتم کے سالانہ امتحانات2017میں شمولیت کے خواہش مند امیدواران کی سہولت کے پیش نظر رجسٹریشن کی تاریخ میں 30نومبر 2016تک توسیع کردی ہے اس لیے مقررہ تاریخ 10فیصد اضافے کیساتھ رجسٹریشن کے ٹارگٹ کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔