حکومت نے قومی معشیت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیاہے‘ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

پیر 21 نومبر 2016 19:07

حضرو 21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے قومی معشیت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیاہے، دھرنوں مظاہروں کی دھمکیاں دینے والے ملکی ترقی روکنا چاہتے ہیں حکومت کے خلاف کی جانے والی تمام سازشیں ناکامی سے دوچار ہو نگی 2018تک ملک سے لوڈشیڈنگ کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

اٹک میں چیئرمینی کیلئے تعداد پوری ہے جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف بٹ،رئیس ڈار،نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت طلال بٹ،حاجی ابرار،سٹی صدر سیٹھ محمد رفیق بھولا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013میں جب ہمیں اقتدار ملا تھا تو اس وقت ملک میں میشعت تباہی کے دہانے پر تھی ملک میں دہشتگردی عروج پر تھی یہ تمام چیلنج وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے قبول کیے سب سے پہلے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معشیت کی بہتری کا اعتراف بیرون ممالک بھی کرتے ہیں جو وزیر اعظم پاکستان کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ہے سی پیک منصوبہ مکمل ہونے سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا دھرنوں اور دھمکیوں والوں کو قوم پہچان چکی ہے ۔شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اٹک میں مخصوص نشستوں پر لیگی امیدواروں کی کامیابی کے بعد ہمارے پاس حکومت بنانے کے روشن امکان ہیں چیئرمینوں اور مخصوص نشستوں کو ملا کر مسلم لیگ (ن) کی پچاس نشستیں مکمل ہو چکی ہیں۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 2018تک این اے 57کے دور دراز علاقوں کو بھی بجلی اور سوئی گیس کی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی ۔