پاکستان کی نوجوان نسل دنیا بھرمیں کسی سے پیچھے نہیں،اقبال ظفرجھگڑا

عالمی سطح کے حامل ماحول میں مقابلے کی صلاحتیں پیداکرنے کیلئے معیار کے متقاضی مواقع وسائل ،حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے حکومت اپنے طور پرتعلیمی اداروں کومالی و مادی وسائل کی فراہمی کیلئے تمام ترممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 21 نومبر 2016 19:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) خیبرپختونخوا کے گورنرانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ اعلی تعلیم کاحصول عالمی نوعیت کاحامل موضوع ہے اورمزیدواضح کیا ہے کہ خواہ ا نفرادی حیثیت سے جانچا جائے یا ادارے کی حیثیت سے، ہرایک کوعالمی معیار کے مطابق اپنے لئے مقام پیداکرناہوتاہے۔پیر کے روزسوات میں یونیورسٹی آف سوات کے پہلے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گوکہ پاکستان کی نوجوان نسل دنیا بھرمیں کسی سے پیچھے نہیں لیکن یہ امر بھی بجا طورپر اہمیت کا حامل ہے کہ ان میں عالمی سطح کے حامل ماحول میں مقابلے کی صلاحتیں پیداکرنے کیلئے اسی معیار کے متقاضی مواقع وسائل اورحوصلہ افزائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف سوات کے فارغ التحصیل ہونے والاپہلا بیج195طلباء وطالبات پرمشتمل تھا۔تقریب میں وزیراعظم کے مشیرامیرمقام صوبہ بھر سے سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرصاحبان ماہرین تعلیم، ڈاکٹرحسن شیررجسٹرارسوات یونیورسٹی اورفارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات اوران کے والدین کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقے سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر50 طلباء وطالبات نے شاندار کاکردگی کے صلے میں طلائی تمغے حاصل کیے۔دریں اثنا گورنر نے جوکہ سرکای شعبے کی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں، سوات یونیورسٹی کی سینٹ کے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی۔ اجلاس میں دیگر اہم نوعیت کے حامل امورنمٹانے کے علاوہ سال2016-17 کے بجٹ اورسال2015-16 کے حقیقی اخراجات کی بھی منظوری دی۔جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ حکومت اپنے طور پرتعلیمی اداروں کومالی و مادی وسائل کی فراہمی کیلئے تمام ترممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے لیکن ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ اساتذہ اوروالدین بھی تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردارجاری رکھیں۔

گورنر نے کہا کہ ہمیں یہ امریقینی بنانے کیلئے کہ پاکستان ایک مضبوط،ترقیافتہ اورفعال ملک بن کر دنیا کے نقشے پرسامنے آئے اورہمارے ہموطن دنیا کے ہرفورم پراپنا سرفخر سے بلندرکھ سکیں،سخت محنت کرنی ہوگی۔گورنر نے یونیورسٹی آف سوات کے زیراہتمام جاری ایم فل اورپی۔ایچ۔ڈی سطح کے مختلف تحقیقی وتدریسی پروگراموں کوسراہا اوراس خواہش کااظہار کیا کہ یہ ادارے خاص طورپر اس علاقے کی ترقی وخوشحالی میں ایک اہم محرک ثابت ہو۔

گورنر نے ایک نیاادارہ ہونے کے باوجود یونیورسٹی میں تدریس وتحقیق کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرنے پر اساتذہ کی کوششوں اورمحنت کے جذبے کوسراہا اور اس یقین کااظہار کیا کہ وہ لائف سائنسز ،سوشل سائنسز،منیجمنٹ سائنسز اورکمپیوٹر اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پوری طرح کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔قبل ازیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرجہان بخت نے ادارے کی سالانہ کاکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کامیابیوں اورمستقبل کے پروگراموں پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب میںشرکت پرگورنر کاشکریہ ا دا کیا۔

متعلقہ عنوان :