حکومت تمام غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت مالیاتی پالیسی پر عمل پیرا ہے،چو ہدری اشتیاق حسین

پیر 21 نومبر 2016 18:26

بھمبر21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)ضلعی صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ آزاد کشمیر چو ہدری اشتیاق حسین نے کہا ہے کہ حکومت تمام غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت مالیاتی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ فرض شناس اورذمہ دار افسران کو تعینات کرکے انتظامی ڈھانچہ کو فعال اور متحرک کردیاگیا ہے۔ نوجوانوں کو با عزت روزگار کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) ا ٓزاد کشمیر کی حکومت نے محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کرکے آزا دکشمیر سے اقربا پروری اور سفارش کلچرکے خاتمے کی پہلی اینٹ رکھ دی ہے ۔محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتیوں سے ریاستی ٹیلنٹ پروان چڑھے گا اور نوجوان نسل کا تعلیم کی طرف رحجان بڑھے گا۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حیدر وزیر اعظم آزاد کشمیر کی سربراہی میں باقی تمام شعبہ ہائے حیات میں بھی میرٹ اور انصاف کی برتری کو یقینی بنائیں گے موجودہ پولیس کلچر اور عدالتی نظام میں اصلاحات لائیں گے تا کہ حکومتی تبدیلی کے حقیقی فوائد نچلی سطح تک پہنچائے جا سکیںانہوں نے کہا کہ 2016کے اسمبلی الیکشن میںپاکستان مسلم لیگ(ن) نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ آزاد کشمیر کے تباہ حال اداروں کو بحال کیا جائے گا، سفارش، کمیشن ، کرپشن اور اقربا پروری کا کاتمہ کیا جائے گا اور لوگون کو میرٹ اور انصاف مہیا کیا جائے گا آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت نے ان وعدوں کی تکمیل کرنا شروع کر دی ہے