چکوال میں چہلم حضرت امام حسین کے سلسلہ میں ماتمی جلوس مسجد باقر شہانی سے برآمد ہوا

پیر 21 نومبر 2016 18:20

چکوال21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)چکوال میں چہلم حضرت امام حسین کے سلسلہ میں ہزاروں عزاداروں کا ایک بہت بڑا ماتمی جلوس مسجد باقر شہانی سے برآمد ہوا۔ شرکاء جلوس نے علم حضرت عباس علمبردار شبیع ،روزہ حضرت امام حسین اورجھولا شہزادہ علی اصغر اٹھا رکھے تھے۔ جلوس کے شرکاء سینہ کوبی کرتے ہوئے دربار سخی صابر ثبوت پہنچے اور وہاں پر مجلس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

مقررین نے کربلا کے میدان میں امام عالی مقام کی طرف سے رائے حق میں دی جانے والی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ یہی ماتمی جلوس شبیع ذوالجناح برآمد کرنے کے لیے راجہ نثار علی خان مرحوم کے گھر پہنچا۔اور وہاں سے جلوس رواں دواںہوگیا۔ جب مذکورہ جلوس ایک بار پھر دربار صابر ثبوت پہنچا تو مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں آل رسولﷺ ایک سال تک پابندسلاسل رہے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ امام حسینؑ کی اسلام کی راہ پر دی جانے والی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج امت مسلمہ اپنے اپنے انداز میں مظلوم کربلا کا غم مناتی ہے۔ ڈی پی او چکوال ڈاکٹر منیر مسعود مارتھ اور ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی جلوس اور مجلس عزا کی خود نگرانی کرتے رہے۔پولیس کی بھاری نفر ی نے جلوس کے شرکاء کا سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

جلوس روٹ کے داخلی اور خارجی کے راستوں کو خاک دار تاریں لگا کر سیل کر دیا گیا۔اور اسسٹنٹ کمشنر شاہد یعقوب کے دفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کی کیا گیا۔دیگر سرکاری محکمے ریسکیو 1122،سول ڈیفنس،ٹی ایم اے،ڈی ایچ کیو ہسپتال کا عملہ ،سوئی گیس،واپڈاکا عملہ بھی جلوس کے ہمراہ رہا۔چکوال شہر میں اختتام مجلس پر چہلم کا آخری جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بخیر و عافیت واپس مسجد باقر شہانی میں اختتام پذیرہو گیا۔