ڈاکٹر عنصر ابدالی کشمیر کونسل کی نشست کے لئے پی ٹی آئی کشمیر اور مسلم کانفرنس کے مشترکہ امیدوار نامزد

پیر 21 نومبر 2016 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) پی ٹی آئی کشمیر اور مسلم کانفرنس نے کشمیر کونسل کی نشست کے لئے ڈاکٹر عنصر ابدالی کو اپنا مشترکہ امیدوار نامز کر دیا ہے۔اس بات کا فیصلہ آج یہاں مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عتیق خان کی ہدایت پر مسلم کانفرنس کے ایک وفد جسکی قیادت راجہ یسین کررہے تھے نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں مسلم کانفرنس کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس کے وفد میں ممبر قانون ساز اسمبلی سردار صغیر چغتائی اور افتخار رشید شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان،پی ٹی آئی کے امیدوار برائے ممبرکشمیر کونسل عنصر ابدالی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی ٹی آئی اور مسلم کانفرنس ملکر کشمیر کونسل کا الیکشن بھرپور انداز میں جیتیں گے اور حکومت کو اسی طرح سرپرائز دیں گے جسطرح کہ پچھلے کشمیر کونسل کے الیکشن میں پی ٹی آئی کشمیر اور مسلم کانفرنس کے مشترکہ امیدوار مختار عباسی نے 14 ووٹ لے کر دیا تھا اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔

اس موقع پر اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کشمیر کونسل کے الیکشن کے سلسلے میں دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔اگرچہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی سطح پر اپنے طور پر دو امیدواروں کا اعلان کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی طرف سے عنصر ابدالی امیدوار ہونگے۔اس طرح یکم دسمبر کو کشمیر کونسل کے انتخابات کے لئے کوششیں تیز ہو جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :