بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے حالات سے باخبر اور لاتعلق نہیں ہے، راجہ محمد فاروق حیدر

بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جارحیت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتی ہندوستان نے سیز فائر لائن سے آگے بڑھنے کی کوششوں کی تو وجود دنیا کے نقشے سے مٹ جائیگا،پاکستان کی کچھ سیاسی جماعتوں ،میڈیا نے کشمیر کو نظر انداز کر رکھا ہے،دشمن قوتیں سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے منفی ہتھکنڈوں میں مصروف ہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 21 نومبر 2016 18:18

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے حالات سے باخبر اور لاتعلق نہیں ہے ۔ ہندوستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جارحیت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتی۔ ہندوستان نے سیز فائر لائن سے آگے بڑھنے کی کوششوں کی تو اس کا وجود دنیا کے نقشے سے مٹ جائیگا۔

تحریک آزادی کشمیر حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کی کچھ سیاسی جماعتوں اور میڈیا نے کشمیر کو نظر انداز کر رکھا ہے۔ بھارت نے سمندری اور فضائی راستوںٰ سے در انداز کی کوشش کی لیکن اسے حقائق کا ادراک ہو گیا ہے۔ سی پیک منصوبہ ملک کی تقدیر بدل دیگا اور پاکستان دشمن قوتیں سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے منفی ہتھکنڈوں میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس سکینڈل میں میاں محمد نواز شریف باعزت طور پر بری ہونگے ۔ میاں محمد نواز شریف نے بحیثیت وزیراعظم پاکستان کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کیا ہے ۔ نواز شریف آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ ترکش صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان کامیاب رہا ۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت پر ترقی کے شکر گزار ہیں ۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترک صدر کے خطاب کے دوران ایک اپوزیشن جماعت کا بائیکاٹ قومی مفاد اور وقار کے خلاف تھا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر میڈیا نمائندگان اور عوامی و جماعتی وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بہتری لانے کا عزم لیکر حکومت میں آئے گی ۔ اگلے الیکشن کی پرواہ نہیں میرٹ بحال کرینگے ۔

آزاد کشمیر احتساب بیورو اور آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کی جائے گی۔ تعلیم کا شعبہ ہمارا پہلا ہدف ہے ۔ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے نفاذ سے بہتری آئے گی۔ انتظامی ، مالیاتی اصلاحات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ گریڈ 21اور 22میں ترقیابی کیلئے ایک معیار بنائیں گے ۔ موجودہ حکومت اگر ریاست میں آئین و قانون کی بالا دستی یقینی نہ بنا سکی تو پھر کوئی حکومت اصلاحات نہیں لاسکے گی ۔

سیاسی نفع و نقصان سے بالاتر ہوکر ریاست اور عوام کے مفاد میں اقدامات اٹھائیں گے ۔ سرکاری ملازمتوں میں بھی اصلاحات لائی جائینگی ۔ رائیٹ پرسن فار رائیٹ جاب کا اصول لاگو کردیا گیا ہے ۔ سرکاری ملازمین کیلئے اپنی آمدن اوراثاثے ظاہر کرنا لازمی قرار دیا جارہا ہے ۔ نوکری سے نکالنا مسئلے کا حل نہیں اصل چیز جزا اور سزا ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت کو 4ماہ کا عرصہ بیت چکا ہے اس عرصہ میں ایک پیسے کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔

کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کی طرف سے اصلاحات کیلئے بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے جس پر ان کا شکر گزار ہوں ۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کو باختیار بنایا جائیگا۔ 4ماہ کے عرصہ میں اصلاحات اور بچت کے ذریعے 5ارب روپے کے خسارے پر قابو پایا گیا ہے ۔ عام آدمی ہماری پہلی ترجیح ہے اگر عام آدمی کو انصاف اور میرٹ نہ دے سکے تو پھر ہمارا کوئی فائدہ نہیں ۔

اللہ کی مخلوق کی بھلائی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ چور دروازے مکمل طور پر بند کرنے کا تہیہ کررکھا ہے ۔ سب لوگوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں پسند و ناپسند کے قائل نہیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی خواہشات سے آگاہ ہیں ۔ صوابدیدی عہدوں پر ایڈجسٹمنٹ ہونگی اور نوجوانوں کو بلدیاتی انتخابات میں آگے لائیں گے اور ان کا 50فیصد کوٹہ ہوگا۔

حکومت نے اخراجات کم کرنے کیلئے مختصر کابینہ بنائی غیر ضروری ادارے ختم کئے ۔ 12سے زائد ٹائون کمیٹیاں ختم کیں ۔ ضلع کونسل میرپور کی آمدن 35لاکھ سے بڑھا کر 3کروڑ تک چلی گئی ہے ۔ بلدیاتی انتخابات ضرور ہونگے سروس ٹریبونل میں چیئرمین کی تعیناتی کیلئے آرڈیننس تیار ہے ۔ جناح ٹائون سکینڈل کو احتساب بیورو کو ارسال کررہے ہیں ۔ آزاد کشمیر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے وفاقی سطح پر رابطے جاری ہیں ۔ تربیلا سے 4پیداواری یونٹ بند ہونے کے باعث بحران پیدا ہوا ۔ لائن آف کنٹرول پر رات کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی ۔ منگلا ڈیم کے واٹر یوز چارجز میں اضافہ کرائیں گے اور خطہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے چکار سے بھنجوسہ تک سیاحتی راہداری تعمیر کررہے ہیں۔