گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات‘ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

آج پاکستان بلاشبہ 2013کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط اور بہتر ہے،گورنر پنجاب سی پیک سمیت متعدد میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے ملکی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے،مولانا فضل الرحمن

پیر 21 نومبر 2016 18:08

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے کئے جانے والے اقدامات اور مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصا جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان بلاشبہ 2013کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط اور بہتر ہے اور موجودہ حکومت نے اس کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے صحیح سمت پر گامزن کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم میں بہتری اس کے تسلسل سے ہی ممکن ہے اور ہمیں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے آئینی اداروں کو مستحکم اورمزید موثر بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر تمام آئینی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو نہ صرف موجودہ نظام موثر انداز میں چلے گا بلکہ اس کے ثمرات بہتر انداز میں عوام تک منتقل ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ انسان رفعت کے جس مقام تک بھی پہنچ جائے اپنی مٹی سے ناطہ نہیں توڑنا چاہیے اور ہمیں اپنے اختیارات اور وسائل اپنے علاقوں اور ان سے وابستہ عوام کی بہتری پر خرچ کرنے چاہئیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وطن عزیز بار بار کے سیاسی تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا، سفر خواہ کتنا ہی آہستہ اور دشوار کیوں نہ ہواسکا تسلسل منزل تک پہنچا ہی دیتا ہے بالکل اسی طرح وطن عزیز کی ترقی و بقاء کی منزل بھی صرف اور صرف جمہوری راستے کے ذریعے ہی حاصل ہو سکتی ہے۔

جمعیت العلمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اداروں کا مستحکم ہونا ملکی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے ،ہمیں اداروں کو مضبوط تر بنانا ہے اور جمہوری تسلسل کو برقرار بھی رکھنا ہے کیونکہ یہ وقت کا تقاضا بھی ہے اور آنے والی نسل کے لیے بہتر مستقبل کی ضمانت بھی۔انہوں نے کہا کہ سیاست اگر عوامی خدمت سے عبارت ہو تو یہ کسی بھی طرح سے عبادت سے کم نہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ موجود ہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ گورنر ہائوس کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ملتان سے بڑی یادیں وابستہ ہیں خصوصا بزرگوں کی اس سر زمین پر گزرے ہوئے ان کی زندگی کے لمحات ان کے لیے سرمایہ حیات ہیں ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے تمام تر مشکلات کے با وجود معاشی ترقی کی بنیاد فراہم کر دی ہے اور سی پیک سمیت متعدد میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے ملکی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے کچھ بھی کر لیں آگے بڑھنے کے لیے صرف اور صرف تعمیری سوچ ہی معاون ثابت ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت اور ان کے اتحادی صرف اور صرف ملکی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر گورنر پنجاب کو تفسیر قرآن ’’ کشف الرحمان‘‘ کی نئی جلدیں پیش کیں ۔