بچوں کو عدالتوں کا دورہ کرانے کا مقصد انہیں عدالتی نظام سے روشناس کرانا ہے،سجاد حسین سندھڑ

پیر 21 نومبر 2016 18:08

سرگودھا۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودہا سجاد حسین سندھڑ نے کہا ہے کہ بچے ملک وقوم کامستقبل ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کی ڈیڑھ سوسالہ تقریبات کے سلسلہ میں بچوں کو عدالتوں کا دورہ کرانے کا مقصد انہیں عدالتی نظام سے روشناس کرانا ہے ۔ آج کا دن ضلعی عدلیہ نے بچوں کے نام کر دیا ہے جس کا مقصد بچوں کے ذہن سے عدلیہ کا خوف دور کر کے انہیں جرم کے خاتمے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی او رانصاف کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرنا ہے جس سے معاشرے میں امن عامہ کی صورتحال پیدا ہو گی ۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار لاہور ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سوسالہ تقریبات کے سلسلہ میں آخری پروگرام کے طو رپر مختلف سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے بچوں کو عدالتوں کا دورہ کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

بچوں کی آمد پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سجاد حسین سندھڑ اور سینئر سول جج مظفر نواز ملک نے بچوں اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔

اس موقع پر فضا میں غبارے چھوڑ ے گئے او رایک مختصر تقریب میں بچوں کو عدلیہ کے دورے کے اغراض ومقاصد بیان کئے اور قومی ترانہ پیش کیاگیا بعدازاں بچوں کو گروپس کی شکل میں عدالتوں کادورہ کرایاگیا ۔ اس موقع پر بچوں کو عدالتوں میں باقاعدہ کیسز کی سماعت دکھائی گئی او رججز نے انہیں عدالتی طریقہ کار کے بارے میں بریف کیا او ران کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں ججز ‘ وکلاء اور ملزمان سے سوال جواب کی اجازت دی گئی ۔

بچوں نے عدالتی طریقہ کار میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ججز‘ ملزمان اور وکلاء سے مختلف سوالات کئے جس پر جج صاحبان نے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی کی اور ان کی ذہنی صلا حیتوں اور خود اعتمادی پر انہیں شاباش دی ۔ بچوں کو ریفر یشمنٹ کروانے کے علاوہ ججز کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے ۔