نیشنل پریس کلب کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

پرنٹ ،الیکٹرانک میڈیا معاشرے کی اصلاح ،معیشت کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنے اہم کردار ادا کرتا ہے جو قابل تعریف ہے،خالد اقبال ملک

پیر 21 نومبر 2016 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے ایک وفد نے صدر شکیل انجم کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیااور تاجر برادری کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں نیشنل پریس کلب کے سینئر نائب صدر نوید اکبر، سیکرٹری جنرل عمران ڈھلون، عباس شبیر، احمد نواز، امان اللہ، عاصم جیلانی، فرخ اعجاز، ابراہیم قمبر، جاوید بلوچ، خان گلزار، محسن اعجاز، نازش توحید، شکیلہ جلیل، فرح ناز، پرویز مغل، رانا زاہد، شمس عباس، شیراز گردیزی اور دیگر شامل تھے۔

وفد سے خطا ب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا معاشرے کی اصلاح اور معیشت کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنے اہم کردار ادا کرتا ہے جو قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو بھاری ٹیکسوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے اور نیشنل پریس کلب ان کے مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کرنے میں تعاون کرے تا کہ مسائل حل ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سی پیک سمیت دیگراہم منصوبوں کے بارے میں تاجر برادری اور عوام میں بہتر آگاہی پیدا کرے اور ان منصوبوں کی خوبیوں و خامیوں پر بھی بہتر روشنی ڈالے تا کہ تمام اہم فیصلے وسیع تر قومی مفاد میں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب اور ٹریڈ باڈیز کے درمیان مسلسل روابط کا فروغ تاجر اور صحافی برادی کے مفادات کے بہتر تحفظ میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس تعمیری کاموں میں نیشنل پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کہا کہ ان کا ادارہ اب ایک خود کفیل اور خود مختار ادارہ بن چکا ہے جو صحافی برادری کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دیگر تعمیری کاموں میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افراد کی بجائے اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دے کر بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نیشنل پریس کلب تاجر برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا تا کہ کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں اور معیشت بہتر ترقی کرے جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، نیشنل پریس کلب کے سینئر نائب صدر نوید اکبر، سیکرٹری جنرل عمران ڈھلن، میاں اکرم فرید، خالد چوہدری، اسحاق چوہدری، طارق چوہدری، سعود سحر، شہریار خان، فرح ناز اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :