ہمارے تمام مسائل کا حل ظلم کے خاتمہ اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام سے وابستہ ہے ،محمد حسین محنتی نائب امیر جماعت اسلامی سندھ

پیر 21 نومبر 2016 16:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل ظلم کے خاتمہ اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام سے وابستہ ہیں۔مغرب کی معاشی،سیاسی،تہذیب، عسکری یلغار نے رجوع الی اللہ و اسلامی نظام حیات کے تصور کو دھندلا کر دیا ہے۔وہ جماعت اسلامی زون اولڈ سٹی میں ورکرز کنونشن کی تیاریوںکے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر امیر زون سید طاہر اکبر بھی موجود تھے ۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ بین الاقوامی ایجنڈا کے تحت جب سرمایہ داروں کے ایک ٹولے سے عوام اکتا جاتے ہیں تو دوسرے ایجنٹ کو سامنے لایا جاتا ہے، جبکہ ظالم اور جاگیر دار طبقے نے ملک کو کرپشن اور غربت کا تحفہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کا اجتماع ملک کی سیاست کا رخ بدل بدل دے گا،ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں اسلامی نظام کی تمنا و تڑپ موجود ہے اس کو ایک موثر تحریک اور تنظیم کی شکل دینے کی اشد ضرورت ہے۔

لوگ چاہتے ہیں کہ ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم ہو اور یہاں کے بسنے والوں کو سکھ چین اور انصاف میسر آئے، سندھ ورکرز کنونشن اسی سلسلے کی کڑی ہے اورمیں یہاں موجود تمام لوگوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں تاکہ وہ بھی جماعت اسلامی کی اس تحریک کا حصہ بنیں اور ملک میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔

سید طاہر اکبر نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد ظلم کے نظام کے خاتمہ کے لیے ہے اور ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے،اس کے لئے ہم ہر ممکن جدوجہد کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بڑے مقصد کے لئے برپا کی گئی ہے،ہم اپنی جدوجہد کے ذریعے ملک و قوم کو دیانتدار،با صلاحیت، نڈر قیادت دیناچاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی سے بڑی تعداد میںمردو خواتین اور بزرگ ورکرز کنونشن میں شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :