معروف شاعر و کالم نگار جمیل الدین عالی کی پہلی برسی پرسوں منائی جائے گی

پیر 21 نومبر 2016 16:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) معروف شاعر و کالم نگار جمیل الدین عالی کی پہلی برسی( بدھ) کو منائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق جمیل الدین عالی 20 جنوری 1925ء کو بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے اور ان کا تعلق نواب گھرانے سے تھا۔ جمیل الدین عالی نے اینگلو عریبک کالج سے بی اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعد وہ دہلی سے ہجرت کر کے کراچی میں رہائش پذیر ہو گئے۔

انہوں نے 1951ء میں مقابلے کا امتحان پاس کیا اور پاکستان ٹیکسیشن سروس میں ملازمت اختیار کر لی۔ وہ قومی بینک کے نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ جمیل الدین عالی نے اپنی زندگی کا تھوڑا عرصہ سیاست میں بھی گزارا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر بھی رہے بعد ازاں ایم کیو ایم کی سپورٹ سے سینیٹر بھی منتخب ہو ئے۔

(جاری ہے)

جمیل الدین عالی نے اپنی زندگی کے دوران ملی نغمے بھی لکھے جو عوام میں بے حد مقبول ہوئے۔

انہوں نے 1944ء میں طیبہ بانو سے شادی کی جن سے ان کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2بیٹیاں شامل ہیں۔ انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں پرائڈ آف پرفارمنس اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ جمیل الدین عالی 23 نومبر2015ء کو حرکت قلب بند ہونے سے 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں آرمی قبرستان کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی پہلی پرسی کے موقع پر انجمن ترقی اردو پاکستان کی طرف سے ان کی قبر پر فاتحہ خوانی اور گل پاشی کی جائے گی جس میں اہل قلم، ادیب اور عام شہری کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :