وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیاز احمد کی جانب سے ڈی سی او کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال کے اعزاز میں تقریب

پیر 21 نومبر 2016 13:46

رحیم یارخان۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیاز احمد کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ ریونیو پنجاب کے عہدہ پر ترقی پانے والے ڈی سی او کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال کے اعزاز میںتقریب،جس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے کہا کہ مجھے رحیم یار خان تعیناتی کے دوران بہترین ٹیم اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا ساتھ میسر آیا اور تمام افراد کی اجتماعی کوششوں کے ساتھ اس ضلع میں عوامی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی کے نئے دور کا آغاز کیااس میں اراکین اسمبلی کی مکمل حمایت و معاونت میرے ساتھ رہی جس پر میں تعمیر ی سوچ کے حامل اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی عوام محبت و خلوص کی دولت سے مالا مال ہے اور اس ضلع میں گزارے گئے اوقات کار میرے لئے یادگار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ میرٹ کو ترجیح دیتے ہوئے عوامی مسائل حل کئے اور ماتحت افسران و عملہ کو بھی یہی روش اپنانے کی ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کے التواء کا مظاہرہ ہر گز نہ کریں، دفتری امور کے ساتھ اپنے زیر انتظام علاقوں کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے فیلڈ میں جائیں اور عوام سے براہ راست رابطہ کو پختہ بنائیں تاکہ مسائل کے حل میں تیزی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجھے جو حکومت کی جانب سے نئی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں اس نظام کی بہتری کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کروں گا کیونکہ اراضی کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ حکومت پنجاب کا اہم کارنامہ ہے جس سے جعل سازی کا خاتمہ اور عوامی مشکلات میں واضح کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے بطور ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر اس ضلع میں بہترین وقت گزارا اور انہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے فوری حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔