مردان‘ خواجہ سرائوں کو وظیفہ اور صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائینگی‘محمدیوسف زئی

پیر 21 نومبر 2016 13:06

مردان۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی نے مردان کے 20خواجہ سراؤں کے لئے فی کس 3ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے اس کے علاوہ ان خواجہ سراؤں کو صحت کی سہولیات بھی مفت فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر سرکاری تنظیم آواز پروگرام کے زیر اہتمام مردان میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی نے 20خواجہ سراؤں کو قیمتی تحائف دئیے اور اُن کو اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کھلی کچہری آواز پروگرام کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر فیاض احمد اور ڈسٹرکٹ فورم کے صدر فیاض الاسلام نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی نے خواجہ سراؤں کے مسائل سنے اور کہا کہ خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنا میرا فرض ہے انہوں نے غریب خواجہ سراؤں کے لئے فی کس تین ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کے علاوہ ان کی تعلیم و صحت کی ذمہ داری بھی اُٹھائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع مردان میں جتنے بھی خواجہ سرا ہیں اُن کے علاج معالجہ و ادویات مفت فراہم کی جائے گی اس کے علاوہ خواجہ سراؤں کے لئے الگ رہائشی کالونی تعمیر کرنا میرے مشن میں شامل ہے جس کو بہت جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔