موٹر وے پولیس کی جانب سے میں 19 ویں رائزنگ ڈے کے حوالے سے پروگرامات کا انعقاد

پیر 21 نومبر 2016 12:05

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) موٹر وے پولیس کیجانب سے آئی جی موٹر وے پولیس شوکت حیات خان کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر میں 19 ویں رائزنگ ڈے کے حوالے سے مختلف پروگرامات کا آغاز کردیا گیا ہے ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس سلسلے میں ڈی آئی جی موٹر وے ولی اللہ کے احکامات کی روشنی میں ایس پی موٹر وے رائو عامر علی کی زیر نگرانی سکھر سیکٹر میں بھی رائزنگ ڈے کے مختلف پروگرامز کیے گئے جن میںموٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

پروگرام کے مہمان خصوصی پرنسپل گورنمنٹ فزیکل ایجوکیشن کالج سکھر سہیل احمد تھے۔19ویں رائزنگ ڈے کے حوالے سے آئی جی موٹر وے شوکت حیات نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں، ملک بھر میں موٹر وے پولیس کے مسافروں کے ساتھ بہتر رویئے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت کارروائی نے موٹر وے پولیس کو صرف پاکستان بھر میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں نمایاںمقام دلایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس نے جس طرح روڈ سیفٹی واک سمیت دیگر تقریبات منعقد کراکر عوام میں ڈرائیونگ و ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا ہے، اس سے ملک بھر میں روڈ حادثات میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔ 19ویں رائزنگ ڈے کے موقع پر موٹر وے پولیس سکھر کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کے مختلف شہروں ڈہرکی، پنوعاقل، ٹھیڑھی اور گمبٹ میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے دیگر تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔کھیلوں کی سرگرمیوں کے اختتامی روز پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران و جوانوں میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اجمل خان کھوسہ اور پرنسپل سہیل احمد نے شیلڈ اورسرٹیفکیٹس تقسیم کیئے۔

متعلقہ عنوان :