ملک بھرمیں شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 21 نومبر 2016 12:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) راولپنڈی، ملتان ،کراچی حیدر آباد ،کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھرتمام چھوٹے بڑے شہروں میں شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق پیر کو ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شہداء کربلا کے چہلم کے سلسلہ میں جلوس نکالے گئے ۔ اس موقع پرکئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہی اور تعلیمی اداروں کو ایک دن کے لئے بند کر نے کا اعلان کیا گیا ، سکیورٹی انتظامات کے تحت کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی عائد کی گئی۔

لاہورمیں چہلم حضرت امام حسین اور عرس داتا صاحب کے آخری روز کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے شہر میں جلوس کے راستوں پر 6 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے چہلم کے جلوس کی مانٹیرنگ ، داتا دربار اور کربلا گامے شاہ کی طرف جانے والے راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کرکے بیئریئر اور خاردار تاریں لگا دی گئیںاور عذاداروں کے لئے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پشاور میں نواسہ رسولﷺ اور دیگر شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں مجالس اور ماتمی جلوس برآمد ہوئے ، امام بار گاہ علمدار میں پشتو مجلس کا انعقاد کیا گیا اور علم غازی عباس کا جلوس برآمد ہوا، امام بار گاہ اخوند آباد سے ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا جو روایتی راستوں سے گزر کر واپس اسی امام بار گاہ پر ختم ہوگیا۔ملتان میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا چہلم انتہائی مذہبی جوش و جزبہ سے منایا گیا، اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔

ضلع بھر میں چہلم کے حوالے سے 23 مقامات پر مجالس اعزاء منعقد کی گئیں جن میں سے 8 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ،ملتان میں پہلا مرکزی جلوس علمدار چوک سے برآمد ہوا۔کوئٹہ میں شہدا کربلا کے چہلم کے موقع پر شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،جلوس کے مقررہ راستوں پر رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ،شہر میں شہدا ئے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے سیکورٹی کے لئی3ہزار5 سو اہلکارتعینات کئے گئے ،جلوس کے مقررہ روٹ پرتمام دکانیں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی اور روٹ سے منسلک تمام راستوں کو خاردار تاروں ، قناتیں لگا کر ٹرک کھڑا کر کے بند کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :