حکومت پنجاب آبادی میں بے ہنگم اضافہ کی روک تھام کے لئے متعدد اصلاحی و انتظامی اقدامات کر رہی ہے‘ ڈی سی او

اتوار 20 نومبر 2016 23:00

فیصل آباد ۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) حکومت پنجاب آبادی میں بے ہنگم اضافہ کی روک تھام کے لئے متعدد اصلاحی و انتظامی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ وسائل اور آبادی کے توازن کو برقرار رکھ کر ہی ملکی ترقی ممکن ہو سکتی ہے ۔ یہ بات ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر منعقدہ ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر کی صدارت کرتے ہوئے ڈی او سی آفتاب احمد نے کہی۔

اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل اور مدیحہ رانا کے علاوہ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ‘ ای ڈی او ( ایجوکیشن ) بشیر زاہد گورایہ ‘ ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد آصف شہزاد ‘ ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ڈاکٹر فرخندہ الماس ‘ این جی اوز ‘ فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن ‘گرین سٹار ‘ میری سٹوپ کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھوٹے کنبے کی افادیت کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا دائرہ مزید وسیع ہونا چاہئے اس ضمن میں تعلیمی اداروں اور گائوں کی سطح پرسیمینار اور دیگر معلوماتی پروگرامز منعقد کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے بہبود آبادی پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے محکمانہ کاردگی میں مزید اضافہ کیا جائے ۔ ارکان اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل اور مدیحہ رانا نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث غربت ‘ جہالت ‘ بے روز گاری اور دیگر سماجی مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا جا سکتا لہذا کنبہ چھوٹا رکھنے سے متعلق شدید احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام پر عملدرآمد کے رجحان میں اضافہ ہونا چاہئے جس کے لئے محکمانہ کوششوں کو مزید تیز کیا جائے ۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت برقرار رکھنے کے لئے سماجی شعور بیدار کیا جائے جس کے لئے علماء کرام اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر نے محکمانہ کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ سرجری کیسز میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں معلوماتی لیکچرز دینے کا سلسلہ وسیع کیا جائے گا اس مقصد کے لئے ڈاکٹرز بھرتی کئے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :