خطے کی ثقافتی و تاریخی عمارتوں کے تحفظ و بحالی کیلئے متعدد منصوبے مکمل کئے گئے‘ ڈی سی او

اتوار 20 نومبر 2016 23:00

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء)ضلعی انتظامیہ کے تحت لائلپور ہیریٹیج فائونڈیشن کے زیر اہتمام خطے کی ثقافتی و تاریخی عمارتوں کے تحفظ و بحالی کے لئے متعدد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ ثقافتی ورثہ کی دیگر عمارتوں کی حقیقی وجاہت کو بحال اور محفوظ کرنے کے منصوبے زیر تجویز ہیں ۔ یہ بات ڈی سی او / چیئرمین لائلپور ہیرٹیج فائونڈیشن سلمان غنی کی زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں سیکرٹری ریاض انجم ‘ ڈائریکٹر بازلہ منظور ‘ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان چوہدری نسیم صدیق ‘ میجر ( ر) شاہنواز الحسن ‘ احمد عثمان اور دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ گزشتہ دو سالوں میں ثقافتی و تاریخی ورثہ کی 18 مختلف عمارتوں و یادگاروں کی تعمیراتی بحالی ‘ تحفظ اور آرائش کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن میں گھنٹہ گھر ‘ ضلع کونسل بلڈنگ ‘ گمٹی بیرون ریلبازار ‘ ڈسٹرکٹ کورٹس ‘ پاکستان ماڈل سکول کچہری بازار‘ مسلم ہائی سکول طارق آباد ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ‘ جھامرہ میں شہید احمد خاں کھرل کی قدیمی رہائشگاہ ‘ بھگت سنگھ کی رہائش گاہ اور سکول ‘ گھنٹہ گھر گنگا پور‘ کیتھولک چرچ ‘ دارالعلوم عبدالله پور ‘ چرچ نزد چناب کلب اور ڈی سی او کیمپ آفس میں لائلپور ہائوس شامل ہیں جبکہ سات منصوبوں پر تعمیراتی بحالی کا کام جاری ہے جن میں باغ جناح میں یاد گار لائلپور ‘ قدیمی بنگلہ خوش پور سمندری ‘ قیصری گیٹ ‘ سیتا رام مندر ‘ ضلع کچہری فیز II اور دارالعلوم فیز II کے منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ لائل پور کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرنے کی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا اور اس خطہ کی مزید تاریخی اور یاد گار عمارتوں کا سروے کرکے انہیں محفوظ بنایا جائے گا تاکہ آئندہ نسل اس علاقے کی تاریخ و ثقافت اور طرز زندگی سے آشنا رہے ۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے تاریخی یادگار عمارتوں کی تیزئین و بحالی کے منصوبوں کو مکمل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی آثاثہ کے تحفظ کے ان اقدامات کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے تاکہ شہری لائل پور ہیرٹیج فائونڈیشن کی کارکردگی سے آگاہ رہیں ۔ انہوں نے اپنے تمام تر تعاون کا یقین دلایا ۔