درخت بنی نوع انسان کا اجتماعی اثاثہ ہیں جن کے تحفظ کیلئے ہر فرد اور معاشرے کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی‘ ڈاکٹر اقرار

اتوار 20 نومبر 2016 23:00

فیصل آباد ۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2016ء) درخت بنی نوع انسان کا اجتماعی اثاثہ ہیں جن کے تحفظ کیلئے ہر فرد اور معاشرے کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی‘ یہ باتیں زرعی یونیوررسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے شعبہ فارسٹری و رینج مینجمنٹ کی نرسری میں ترکی کی کاستومونویونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسرڈاکٹر سیئت ایدن و دوسرے غیرملکی مہمانوں کے ہاتھوں نرسری میں یادگاری پودا لگانے کی تقریب کے دوران کہیں۔

ڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہاکہ پاکستان میں جنگلات کی شرح انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ماحولیاتی اور زمینی کٹائو جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے دوران فیصل آباد کے لگ بھگ تمام کارخانوں اور ٹیکسٹائل ملوں کی چمنیاں جنگلات کی لکڑی جلانے کی وجہ سے ایک لمحے کیلئے بھی بند نہیں ہوتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درختوں کی مجرمانہ کٹائی کو روکنے کیلئے حکومت کا محکمہ جنگلات اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری سے ادا نہیں کر رہالہٰذا ضرورت ہے کہ درختوں کی کٹائی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی وفاقی حکومت کے گرین پاکستان پروگرام میں اپنی ذمہ داریاں ضرور ادا کرے گی اور آئندہ پانچ سالوں میں ملک کے طول و عرض میں 10کروڑ درخت لگانے کیلئے حکومتی کاوشوں میں حصہ دار بنے گی۔ تقریب میں چیئرمین شعبہ فارسٹری ڈاکٹر طاہر صدیقی اور ترکی سے آئے ہوئے درجنوں مہمان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :